اداکارہ آمنہ شیخ بچیوں کی تعلیم میں کردار ادا کرنے کی خواہشمند

Last Updated On 02 December,2019 11:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی مشہور اداکارہ آمنہ شیخ جو زیادہ تر ٹیلی ویژن میں ڈراموں میں کام کرتی نظر آتی ہیں، امریکی شہر نیو یارک میں پیدا ہوئیں، کراچی سے تعلق ہے، 2008ء سے ڈراموں میں کام کرتی آ رہی ہیں، اداکارہ بچیوں کو تعلیم دلوانے کے لیے کردار ادا کرنے کی خواہشمند ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بظاہر آمنہ شیخ کا تعلق پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ سے ہے، ان کے آباؤ اجداد گوجرانوالہ ڈویژن میں رہائش پذیر تھے تاہم اداکارہ نے اپنا بچپنا سعودی عرب میں گزارا اور نو عمر میں شہر قائد کا رُخ کیا، یہاں پر رہائش رکھنے کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکا چلی گئیں۔ انہوں نے اداکار محب مرزا سے شادی کی، ان دونوں کا بیٹا بھی ہے، گزشتہ ماہ محب مرزا نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ہم دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محب مرزا اور اداکارہ آمنہ شیخ میں ’علیحدگی‘ ہو گئی

اداکارہ نے متعدد فلموں میں کام کیا، مشہور فلموں میں ہیر مان جا،کیک، گڈ مارننگ کراچی، 021، ارمان، جوش، لو دی گم سمیت دیگر فلموں میں کام کر چکی ہیں جبکہ مشہور ڈراموں میں قصوں کی چادر، میرا نام ہے محبت، بولتے افسانے، دل نادان، اگر تم نہ ہوتے، حال دل، دام، تیرے لیے، عشق گمشدہ، ہم تم، اڑان سمیت دیگر ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔

آمنہ شیخ کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کرکٹ کو بہت پسند کرتی ہیں، وہ متعدد بار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز دیکھنے کے لیے دبئی کا رُخ کر چکی ہیں۔ اداکارہ سیرو تفریح کو بہت پسند کرتی ہیں اور وقفے وقفے سے دیگر ممالک کا دورہ کرتی رہتی ہیں جس کی تصاویر وہ سوشل میڈیا پر بھی شیئر کرتی ہیں۔

پاکستانی اداکارہ ملک میں لڑکیوں کو تعلیم دلوانے کے لیے کردار ادا کرنے کی خواہشمند ہیں۔ خود بھی تعلیم یافتہ ہیں چاہتی ہیں کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں جہاں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی نہیں انہیں تعلیم حاصل کرنے کے لیے سکول لایا جائے۔