نئی دہلی: بدترین پر تشدد فسادات پر بالی ووڈ شخصیات کا اظہار افسوس

Last Updated On 26 February,2020 05:26 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں متنازع شہریت قانون کے خلاف پر تشدد احتجاج جاری ہے، ان احتجاج کے دوران مسلمانوں پر بدترین تشدد کیا جارہا ہے جبکہ درگاہ اور مسجد پر بھی حملے کیے ہیں، یہ سب کچھ ایسے وقت ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ مظاہروں کے دوران 24 سے 26 فروری کی دوپہر تک ہونے والی کشیدگی میں کم سے کم انٹیلی جنس افسر سمیت 23 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ مظاہروں نے مذہبی فسادات کی صورت اختیار کرلی اور ہندو دہشتگردوں کی طرف سے مسلمانوں پر جان لیوا حملے کیے جا رہے ہیں۔

نئی دہلی میں ہونے والے فسادات پر جہاں پاکستانی سیاستدانوں نے مذمت کا اظہار کیا وہیں دیگر ممالک کے اعلیٰ حکام اور امریکی سیاستدانوں نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے مودی سرکار سے مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد دارالحکومت میں امن بحال کیا جائے۔

عالمی سیاستدانوں کی طرح بھارت کی شوبز و میڈیا انڈسٹری کی شخصیات کی جانب سے بھی نئی دہلی میں ہونے والے فسادات کی آڑ میں مسلمانوں کے قتل عام پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت سے جلد سے جلد امن بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

فلم ساز مہیش بھٹ نے نئی دہلی میں ہجوم کی جانب سے ایک شخص پر بیہمانہ تشدد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں لگتا ہے کہ ہم اندھے نہیں ہونے جا رہے بلکہ ہم اندھے ہیں، ایسے اندھے ہیں جو سب کچھ دیکھ سکتے ہیں، ہم ایسے اندھے ہیں جو دیکھ تو سکتے ہیں مگر انہیں کچھ دکھائی نہیں دیتا ۔

اداکارہ ریچا چڈا نے نئی دہلی میں مذہبی فسادات پر لکھتے ہوئے لکھا کہ ایک سچے ہندو ہونے کے ناطے انہیں دوسرے جنم پر یقین ہے اور انہیں یہ بھی یقین ہے کہ جلد ہی مظالم ڈھانے والوں پر عذابن اور بیماریوں کی صورت میں قہر نازل ہوگا اور ان کے ہاتھوں میں اپنا ہی خون ہے۔

فلمساز، شاعر اور لکھاری جاید اختر نے بھی نئی دہلی میں مسلمانوں کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ منصوبہ بندی کے تحت دہلی میں فسادات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور سب لوگ تنگ نظر سیاستدان کپل مشرا جیسے بن رہے ہیں، یہ فضا تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ دہلی میں تشدد متنازع شہریت قانون کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے ہوا اور پولیس جلد اس پر قابو پا لے گی۔

ماضی کی خوبرو اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بھی فسادات پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا اور تشدد کو کچھ شرپسند عناصر کی مرضی قرار دیا اور ساتھ ہی لکھا کہ اگر ہم میں تھوڑی سی بھی ہمدردی ہے تو ہم فسادات میں مرنے والے افراد کے لیے تعزیت کا اظہار کر سکتے ہیں کیوں کہ وہ لوگ کافی عرصے سے انتہائی دباؤ میں ہیں۔

فلمساز ہنسل مہتا نے مختصر مگر انتہائی معنی خیز ٹوئٹ کی کہ کوئی بھی احتجاج کرنے والا شخص فساد نہیں چاہتا اور کوئی بھی فسادی احتجاج نہیں کرتا۔

اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھی نئی دہلی میں ہونے والے فسادات پر ٹوئٹ کرتے ہوئے دہلی میں حال میں حکومت بنانے والی عام آدمی پارٹی سے وہاں امن کرانے کا مطالبہ کیا۔