یاسر حسین کے تنقیدی نشتر، آغا علی ترک اداکارہ اسریٰ بلجک کے حق میں سامنے آ گئے

Last Updated On 14 July,2020 09:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ترکی کے مشہور ڈرامہ ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسریٰ بلجک (حلیمہ سلطان) کو پاکستانی پرائیویٹ کمپنی نے بطور سفیر مقرر کیا تو اداکار یاسر حسین نے تنقیدی نشتر چلا دیئے تاہم اداکار آغا علی ترک اداکارہ کے حق میں سامنے آ گئے۔

تفصیلات کے مطابق اداکار یاسر حسین ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پرنشر کرنے کے شروع سے ہی مخالف ہیں اور پہلے بھی انہوں نےاس ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ غیر ملکی ڈرامے کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے سے مقامی فنکاروں کو نقصان ہوگا۔

اب جب معروف موبائل کمپنی نے ’’ارطغرل غازی‘‘کی مرکزی اداکارہ اسریٰ بلجک کو اپنے موبائل فون کا برانڈ ایمبسیڈر مقرر کیا ہے تو یاسر حسین نے ایک بار پھر اپنی آواز اٹھاتے ہوئے مقامی اداکاراؤں کی جگہ ایک غیر ملکی اداکارہ کو برانڈ ایمبسیڈر بنانے پر احتجاج کیا ہے۔

یاسر حسین نے انسٹاگرام سٹوری پر اسریٰ بلجک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے سوال پوچھا تھا کہ آپ کو نہیں لگتا کہ پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبسیڈر پاکستانی ہونی چاہئے؟ نہ بھارتی اور نہ ترک اداکارہ؟

بعد ازاں انہوں نے ایک اور سٹوری میں پاکستان کی تقریباً تمام بڑی اداکاراؤں اور ماڈلز کے نام لکھ کر کہا کہ کیا ماہرہ خان، صباقمر، سونیاحسین، منال خان، ایمن خان، امر خان، زارا نور عباس، ہانیہ عامر، ثنا جاوید، یمنیٰ زیدی، ارمینا خان، سارہ اور حرامانی کوئی اس قابل نہیں کہ پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبسیڈر بن سکے؟

اداکار نے مزید لکھا تھا کہ پاکستانی اداکاراؤں کو سپورٹ کریں پاکستان زندہ باد۔ اوپر بیان کی گئی لسٹ میں یاسر حسین نے اپنی اہلیہ اقرا عزیز کا نام نہ لکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اقرا کانام اس لیے نہیں ہے کیونکہ وہ پہلے ہی ایک موبائل برانڈ کی ایمبسیڈر ہے۔

یاسر حسین کی اس پوسٹ پراداکارہ منال خان نے ان کی تائید کرتے ہوئے کہا یاسر حسین بالکل درست کہہ رہے ہیں لیکن ہمارے لوگ انہیں غلط ضرور ثابت کریں گے۔

دوسری طرف پاکستانی اداکار آغا علی نے (اداکار یاسر حسین کا نام لیے بغیر) ان کے تاثرات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اداکار ہمیشہ انٹرنیشنل ہونا چاہیے اور ہمیں اس کا خیر مقدم کرنا چاہیے۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹا گرام پر آغا علی نے لکھا کہ بین الاقوامی اداکاروں کو معاہدے ملنے کے بعد لوگوں کو پریشان نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہمیں بین الاقوامی ٹیلنٹ کا خوش آمدید کہنا چاہیے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے نصیب میں جو لکھا ہے اس سے وہ زیادہ ملے گا نہ کم، محنت کرو اور اگر کوئی آنا چاہتا ہے تو آنے دو۔
 

Advertisement