ممبئی: (ویب ڈیسک) انڈیا کے ٹیلی ویژن اداکار سمیر شرما نے خود کشی کر لی ہے، ان کی لاش گھر کے اندر پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔
تفصیل کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کا معاملہ ابھی حل بھی نہیں ہوام اب بھارت سے ایک بار پھر ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ مشہور ٹی وی اداکار سمیر شرما نے بھی خود کشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔
ان کی لاش گھر کے اندر پنکھے میں لٹکی ہوئی ملی ہے۔ ان کی لاش ملاڈ واقع اپارٹمنٹ میں پنکھے سے لٹکی ہوئی برآمد ہوئی۔ خود کشی کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی جبکہ واقعہ کی تفتیش کیلئے فورنزک ٹیم کو بھی طلب کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سمیر شرما کی خود کشی کے وجوہات کا ابھی تک پتا نہیں چل پایا ہے۔ تاہم پولیس کمرے میں خود کشی نوٹ کی تلاش کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ سمیر شرما نے سیریل ’یہ رشتے ہیں پیار کے’، ’کہانی گھر گھر کی’، ’لیفٹ رائٹ لیفٹ’، ’اس پیار کو کیا نام دوں’، میں کام کیا تھا۔ انہوں نے رواں سال فروری میں اپارٹمنٹ کرائے پر لیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رات کو ڈیوٹی کے دوران اپارٹمنٹ کے چوکیدار نے لاش کو دیکھا، اس کے بعد اس نے حادثہ کے بارے میں دوسرے لوگوں کو بتایا۔ لاش کی حالت کو دیکھتے ہوئے پولیس کو شک ہے کہ اداکار نے ایک دن پہلے ہی خود کشی کی تھی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔