سرمد کھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشا‘‘ آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد

Published On 30 November,2020 12:27 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز سرمد کھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشا‘‘ کو آسکر ایوارڈز کیلئے نامزد کردیا،فلم کو بین الاقوامی فیچر کیٹیگری کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فلم کا ورلڈ پریمیئر 2019میں بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوا تھا اوراسے اعلیٰ ترین ’’کم جیسوئک‘‘ایوارڈ ملا تھا ۔ آسکرکیلئے اس فلم کو نامزد کرنے والی پاکستانی ٹیم میں اداکارہ مہوش حیات، موسیقار فیصل کباڈیہ، شرمین عبید چنائے ، ڈائریکٹر اسد الحق اور فیشن ڈیزائنر حسن شہر یار(ایچ ایس وائے) شامل تھے۔ کورونا وبا کے سبب آسکر ایوارڈ کی تقریب تاخیر کا شکار ہو گئی ہے جو اب 25 اپریل 2021 کو ہونا قرار پائی ہے جبکہ نامزدگیوں کا اعلان 15 مارچ کو کیا جائے گا۔

’’زندگی تماشا‘‘کا ٹریلرتو گزشتہ برس سامنے آگیا تھا تاہم فلم کوابھی تک پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جا سکا۔ ایک مذہبی جماعت کے احتجاج کے اعلان کے سبب حکومت نے اس کی نمائش روکی تھی۔ بعد ازاں فلم کو جائزے کیلئے سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں بھجوایا گیا جہاں اس کو نمائش کیلئے گرین سگنل دیدیا گیا تھا۔ سرمد کھوسٹ نے فلم کے خلاف مظاہروں کی دھمکیوں کے بعد لاہور کی سول کورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی۔
 

Advertisement