لاہور: (دنیا نیوز) معروف گلوکار بلال سعید نے ڈولفن اہلکاروں کے سامنے اپنے بھائی اور خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار بلال سعید آپے سے باہر ہو گئے ہیں اور اپنے بھائی اور خاتون پر تشدد کر رہے ہیں۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلال سعید ڈولفن اہلکاروں کی موجودگی میں بھائی اور خاتون پر تشدد کر رہے ہیں جبکہ ڈولفن اہلکار کارروائی کی بجائے بیچ بچاؤ کرا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گلوکار بلال سعید کا لڑکی سے دوستی پر سگے بھائی سے جھگڑا ہوا، بلال سعید اپنے بھائی اور اس کی دوست پر برس پڑے، بلال سعید نے اپنے بھائی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دی
لاہور نیوز نے بلال سعید رابطہ کیا تو گلوکار نے بات کرنے سے انکار کردیا اور صرف اتنا کہا کہ یہ ہمارا نجی معاملہ ہے بات نہیں کر سکتا۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ بھائی کے ساتھ موجود خاتون اس کی دوست ہے جبکہ بلال سعید کے بھائی نے کہا کہ یہ لڑکی میری دوست نہیں بلکہ بیوی ہے۔
اُدھر لاہور نیوز لڑائی جھگڑے کے تمام حقائق سامنے لے آیا۔ ترجمان ڈولفن فورس نے کہا کہ ون فائیو کی اطلاع پر موقع پر پہنچے۔ موقع پر پہنچ کر ڈولفن فورس نے دونوں بھائیوں کو چھڑوایا۔ لڑکی کے گھر لانے پر دونوں بھائیوں میں جھگڑا ہوا۔ واقعہ ایک ماہ پرانا ہے ، 3 دن پہلے اس کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ بلا ل سعید اوراس کے بھائی نے تھانہ سندر میں کوئی درخواست نہیں دی۔