اداکار ڈینیل ریڈ کلف کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا دعویٰ جھوٹا قرار

Last Updated On 11 March,2020 05:52 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جعلی خبریں جہاں پر خوف پھیلا رہی ہیں وہیں پر بہت ساری جعلی خبریں لوگوں کے اعصاب پر بھی سوار ہو رہی ہیں، کرونا وائرس نے دنیا بھر میں اپنے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں اس وائرس کے باعث عالمی معیشت میں بھونچال آ گیا ہے اور عالمی معیشت سست روی کا شکار ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہرہ آفاق ہیری پوٹر کا کردار ادا کرنے والے ہالی وڈ اداکار ڈینیل ریڈ کلف کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا گیا۔

ہالی وڈ اداکار ڈینیل ریڈ کلف سے متعلق بی بی سی نیوز ٹونائٹ نام سے منسوب ایک فیک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ پوسٹ کی گئی جس میں لکھا گیا کہ ڈینیل ریڈکلف کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

مذکورہ ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا کہ یہ اداکار پہلی مشہور شخصیت ہیں جس کے کیس کی عوامی سطح پر تصدیق کی گئی ہے۔

بی بی سی نیوز ٹونائٹ نام سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ کی اس پوسٹ کو 762 مرتبہ شیئر کیا گیا اور ہزار سے زائد صارفین نے لائکس پر کلک کیا جب کہ یہ اکاؤنٹ 2017 سے اپڈیٹ بھی نہیں کیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈینیل ریڈ کلف کے ترجمان نے ٹوئٹر کو بذریعہ ایک ای میل اسے جھوٹی خبر قرار دیا اور کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔

ادھر ٹوئٹر ترجمان نے بھی اس خبر کی تردید کرتے ہوئے مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کو جعلی قرار دیا اور اسے ہمیشہ کے لیے معطل کر دیا۔

ٹوئٹر ترجمان کا کہنا تھا کہ بی بی سی کے نام سے منسوب جھوٹے اکاؤنٹ کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ہمیشہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ٹوئٹر کے قانون کے مطابق کسی بھی صارف کو جھوٹی معلومات، غیر اخلاقی پوسٹ یا پھر کسی کو گمراہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، ایسا کرنے کی صورت میں کمپنی ضرور ایکشن لیتی ہے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس اب تک 119 ممالک اور علاقوں تک پھیل چکا ہے اور اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 19 سے بڑھ چکی ہے جب کہ 4300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس وائرس سے متعلق انٹرنیٹ پر بے شمار غلط اور جعلی معلومات کی بھرمار ہے جن سے صارفین کو بچنا نہایت ہی ضروری ہے۔