شاہد آفریدی کے وینٹی لیٹر پر جانے کی خبریں جعلی قرار

Last Updated On 17 June,2020 11:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی خبریں گردش کرنے لگیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا۔

ٹویٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ جمعرات سے طبیعت خراب ہے، جسم میں درد ہے۔ بدقسمتی سے میرا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ قوم سے دعائے صحت کی اپیل ہے۔

دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے رابطہ کیا، آرمی چیف نے کورونا وائرس کا شکار شاہد آفریدی سے ان کی طبیعت پوچھی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا، آرمی چیف کا ٹیلیفون، خیریت دریافت کی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شاہد آفریدی کی جلد سے جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور ان کو آرام کرنے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔

اسی طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے بارے میں کچھ خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جس میں کہا جا رہا ہے کہ ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

جعلی خبروں سے متعلق رد عمل دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں بالکل صحت مند ہوں، کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شروع کے دو سے تین دن بہت ہی مشکل تھے، دن گزرتے گئے اور طبیعت بہتر ہوتی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے سات آٹھ دن بہت ہی مشکل تھے اس کی مثال یہ بھی دیکھ لینا کہ میں اپنے بچوں کو پیار نہیں کر سکتا اور انہیں سینے سے نہیں لگا رہا۔

عوام کے نام ویڈیو پیغام میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جس طرح میں نے ملک بھر میں دورے کیے تو لگ رہا تھا کہ مجھے کورونا ہو گا، تاہم مجھے لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنا تھیں۔

شاہد آفریدی کہنا تھا کہ ملاقاتوں کے حوالے سے احتیاط کریں اور ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، خاندان میں وقت گزاریں، سماجی فاصلے رکھیں۔