گوجرانوالہ میں 200 بیڈز کا فیلڈ ہسپتال کورونا کے مریضوں کیلئے فعال

Last Updated On 20 April,2020 10:51 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں 200 بیڈز کا فیلڈ ہسپتال کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے تیار کر دیا گیا۔ لیبارٹری فارمیسی، ایکسرے سمیت ضروری سہولیات فراہم کر دی گئیں، فیلڈ ہسپتال ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کر دیا گیا۔

گوجرانوالہ میں شہری حدود سے باہر تمام سہولیات سے آراستہ 200 بیڈز کا فیلڈ ہسپتال قائم کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ سول ہسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کے مریضوں کو آج سے فیلڈ ہسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔

شہری حدود سے باہر اس فیلڈ ہسپتال میں لیبارٹری، فارمیسی اور ایکسرے سمیت تمام ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کو حفاظتی سامان بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں اس طرز کا ایک اور فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔