پشاور: خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن بیک اپ سپلائی کا منصوبہ تیار

Published On 14 December,2020 08:42 am

پشاور: (دنیا نیوز) آکسیجن کی کمی کے سبب 6 افراد کی ہلاکت کا واقعہ پیش آنے کے بعد خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے آکسیجن بیک اپ سپلائی کا منصوبہ تیارکر لیا۔

پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث 6 افراد کی موت کے بعد صوبائی حکومت اور سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ جاگ گئی۔ 

مینی فولڈ بیک اپ سسٹم کے نام سے 100 سلنڈرز پرمشتمل منصوبہ کی منظوری دے دی گئی ہے، 2 کروڑ روپے لاگت آئے گی، شہریوں کا کہنا ہے حکومت آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ اس قسم کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

صوبہ کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں آکسیجن کے لیے 3 ٹینک نصب کیے گئے ہیں جس سے ساڑھے 25 ہزار کیوبک میٹر سے مختلف وارڈز میں سپلائی کی جاتی ہے جن میں سے 10 ہزار کیوبک کا ایک ٹینک کورونا مریضوں کےلیے مختص ہے۔

ہسپتال حکام کے مطابق آکسیجن ٹینک کے علاوہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنےکے لیے ساڑھے چارسوسلنڈربھی موجود ہیں، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ سےآکسیجن کی مقدار کو 5 ہزار کیوبک سے بڑھا کر 18 ہزار کیوبک کردیا گیا ہے۔