سانحہ راولپنڈی میں ملوث لوگ مقامی نہیں تھے: شیخ رشید

Published On 16 Nov 2013 05:51 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی ایک بڑی سازش تھا، ہنگامے میں ملوث لوگ شناسا نہیں تھے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اس ہنگامے میں جس طرح سے اموات ہوئی ہیں وہ اس پر بات نہیں کرنا چاہتے لیکن یہ ایک سازش تھی۔ ہنگامے میں ملوث افراد اس علاقے کے نہیں تھے انہیں پہلے کبھی یہاں دیکھا نہیں گیا۔ شیخ رشید احمد نے واقعے کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی نا اہلی کا یہ عالم تھا کہ خوف زدہ پولیس اہلکاروں نے خود رائفلیں سرنڈر کر دیں۔ انتظامیہ بتائے عمارتوں کو آگ لگانے کیلئے پیٹرول کے کین کیسے پہنچے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تاجروں کا بڑا نقصان ہوا یہ راولپنڈی میں کپڑے کی سب سے بڑی مارکیٹ تھی جسے تباہ کر دیا گیا ۔ حکومت تاجروں کی مالی امداد کرے اور واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔