پاکستان نیٹو سپلائی معاہدہ پر عمل درآمد یقینی بنائے: امریکا

Published On 26 Nov 2013 09:30 AM 

پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکا کے خصوصی مندوب جیمز ڈوبنز نے کہا ہے کہ امریکا کو توقع ہے کہ پاکستانی حکومت نیٹو کے سازو سامان کی افغانستان تک سپلائی کو یقینی بنائے گی۔

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جیمز ڈوبنز نے کہا ہے کہ امریکہ کا پاکستان سے نیٹو کی سپلائی لائن جاری رکھنے کے لئے ایک معاہدہ پہلے ہی سے موجود ہے جس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ڈرون حملوں کے بارے میں امریکی پالیسی اب بھی وہی ہے جس کا اظہار وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان میں کیا تھا۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے جیمز ڈوبنز نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے نیٹو کی سپلائی لائن روکنے کی کوشش کے باوجود امریکہ کو توقع ہے کہ پاکستانی حکومت نیٹو کے سازو سامان کی افغانستان تک سپلائی کو یقینی بنائے گی۔ امریکا کا پاکستان سے نیٹو کی سپلائی لائن جاری رکھنے کیلئے ایک معاہدہ پہلے ہی سے موجود ہے۔ توقع ہے کہ اس معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ جیمز ڈوبنز نے ہنگو میں امریکی ڈرون حملے کے بارے میں کسی سوال کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں امریکی پالیسی اب بھی وہی ہے جس کا اظہار وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان میں کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے ختم کرنے کیلئے کوئی مدت مقرر نہیں ہے۔