تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنما علامہ ناصر عباس ملتان میں سپرد خاک

Published On 17 Dec 2013 01:50 PM 

ملتان(دنیا نیوز)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنما اور معروف ذاکر علامہ ناصر عباس کو ملتان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

علامہ ناصر عباس کو ہزاروں عقیدت مندوں اور سوگواروں کی موجودگی میں آہوں ، سسکیوں کے ساتھ درگاہ شاہ شمس تبریز میں سپرد خاک کر دیا گیا،سخت سردی اور دھند کے باوجود ان کے سفر آخرت میں شعیہ علما ،عمائدین شہر اور شیعہ مکاتب فکر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے،لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر پرسہ دیتے رہے۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،لاہور سے ان کی میت پہلے ملتان چنگی نمبر 9 لائی گئی،جہاں سیکڑوں مظاہرین 9 گھنٹے سے دھرنا دیئے بیٹھے تھے۔احتجاجی دھرنے کے بعد علامہ ناصر عباس کا جسد خاکی شمس آباد میں واقع ان کے گھر لایا گیا۔اس سے قبل علامہ ناصر عباس کی نماز جنازہ لاہور میں گورنر ہاوٴس کے باہر ادا کی گئی،نماز جنازہ سے قبل سیکڑوں افراد نے دھرنا دیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا،علامہ ناصر عباس کو اتوار کی رات لاہور کے علاقے شادمان میں ایک مجلس عزا میں شرکت کے بعد واپسی پر ایف سی کالج کے نزدیک فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔