پولیس گلو بٹ کو بچانے کیلئے سرگرم، جلد ضمانت پر رہائی متوقع

Published On 19 Jul 2014 12:47 PM 

لاہور(دنیا نیوز)لاہور میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اہم ملزم گلو بٹ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ، سابق ایس پی سیکورٹی سلمان علی اور گن مین کی عبوری ضمانت میں چھبیس جولائی تک توسیع کر دی گئی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اہم ملزم گلو بٹ کو گیارہ روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا ۔ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزم سے تفتیش مکمل کر لی گئی ہے تاہم پستول برآمد نہیں ہوسکا جس کے بعد عدالت نے گلو بٹ کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔ دوسری جانب سابق ایس پی سیکورٹی سلمان علی اور گن مین عابد بھی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے ۔ پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزموں سے ابھی تفتیش جاری ہے ، عدالت نے دونوں کی ضمانت میں چھبیس جولائی تک توسیع کرتے ہوئے پولیس کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم انسپکٹر عامر سلیم ، سب انسپکٹر اظہر ، کانسٹیبل خرم اور نوید کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا ادھر لاہور کی سیشن عدالت نے سانحہ کا مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے ادارہ مہناج القرآن کی درخواست کی سماعت اکیس جولائی تک ملتوی کر دی ہے ۔ عدالت نے منہاج القرآن کے وکلاء کو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹس پر بحث کی ہدایت بھی کی ہے۔