ڈی آئی جی طاہر عالم کو آئی جی اسلام آباد کا اضافی چارج دیدیا گیا۔ آئی جی ریلوے کیخلاف مقدمہ درج ہونے پر ریلوے پولیس کے 1200 اہلکاروں نے ریڈ زون میں ڈیوٹی سے معذرت کر لی۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ریڈ زون کی صورتحال اسلام آباد پولیس کے لئے وبال جان بن گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد کو ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا ہے۔ خالد خٹک سے آئی جی کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔ سندھ میں تعینات طاہر عالم کو ڈی آئی جی آپریشنز بنا کر آئی جی اسلام آباد کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے افسران کی جانب سے انکار کے بعد طاہر عالم کو قائم مقام آئی جی کا اضافی چارج دیا گیا۔ گریڈ بیس کے طاہرعالم کو 2008ء میں پنجاب حکومت نے صوبہ بدر کر دیا تھا۔ مسلم لیگ نون کی وفاق میں حکومت بنی تو طاہر عالم کو اسلام آباد پولیس سے ہٹا کر سندھ بھیج دیا گیا۔ دو روز پہلے وفاقی حکومت نے طاہر عالم کو پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ خالد خٹک سے پہلے آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ چھٹی لے کر چلے گئے تھے جبکہ آئی جی ریلوے کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر 1200 اہلکاروں نے ریڈ زون میں ڈیوٹی سے معذرت کر لی ہے۔ ریلوے اہلکاروں نے یونیفارم کی جگہ سادہ کپڑے پہن لئے ہیں جس پر اسلام آباد پولیس کے سب انسپکٹر صداقت کی مدعیت میں ریلوے اہلکاروں کے خلاف رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔