متحدہ نے کبھی سندھ کی تقسیم کا مطالبہ نہیں کیا: حیدر عباس رضوی

Published On 19 Sep 2014 08:28 PM 

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ متحدہ نے کبھی سندھ کی تقسیم کا مطالبہ نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھی پارلیمنٹ میں نئے صوبوں کی قرارداد پیش کی تھی۔ متحدہ نے مطالبہ کیا تو شور مچ گیا۔

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے سندھ کی تقسیم نہیں بلکہ 20 نئے انتظامی یونٹ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھی پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کی تھی۔ اب متحدہ نے مطالبہ کیا ہے تو شور مچ گیا ہے۔ کیا تحریک انصاف کے نئے پاکستان میں سندھ شامل نہیں؟۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی آبادی پچاس لاکھ کی حد تک پہنچنے کے بعد نیا یونٹ بنا دیا جاتا ہے۔ ہمیں بھی اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے۔