اب اسلام آباد ائیرپورٹ سے جڑا لفظ بدترین ماضی کا حصہ بن جائے گا

Published On 29 Nov 2014 08:56 PM 

اسلام آباد ائیر پورٹ سے جڑا لفظ بدترین اب ماضی کا حصہ بننے جا رہا ہے کیونکہ 2016 میں تعمیر ہونے والے اسلام آباد ائیر پورٹ کی آن شان دیکھ کر دنیا حیران رہ جائے گی یہ دنیا کا بہترین ائیرپورٹ ہو گا۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کا نیا ائیرپورٹ فتح جنگ کے نزدیک تعمیر کیا جا رہا ہے۔ فرانسیسی کمپنی کے ڈیزائن سے سجا، 32 ایکڑ پر پھیلا یہ خوبصورت ائیرپورٹ تعمیر ہوتے ہی نہ صرف دارالحکومت اسلام آباد بلکہ پاکستان کیلئے دنیا بھر میں نیک نامی کا سبب بنے گا۔ اس شاندار ائیرپورٹ میں پیسنجر ٹرمینل بلڈنگ، رن وے ، ٹیکسی وے اور دنیا کے بڑے بڑے جہازوں کے اترنے کی سہولت موجود ہو گی۔ جدید ترین ائیرپورٹ پر ائیر بس اے 380 جیسے مسافر طیارے بھی لینڈ کر سکیں گے جن کیلئے وسیع رن وے اور جدید کنٹرول ٹاور ضروری ہوتا ہے۔ یہ ائیرپورٹ انٹرنیشنل حب کے طور پر دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کو ایوی ایشن کی تمام سہولتیں فراہم کرے گا۔ ائر پورٹ پر سالانہ 90 لاکھ مسافروں کی ا٘ٓمدورفت کی سہولت موجود ہو گی جسے رفتہ رفتہ بڑھا دیا جائے گا۔ یہ ائیرپورٹ تین مراحل میں مکمل ہو گا پہلا مرحلہ اگلے سال ، دوسرا 2019 میں جبکہ تیسرا 2024 میں مکمل ہو گا جس کے بعد یہاں آنے والے مسافروں کی تعداد ڈھائی کروڑ تک جا پہنچے گی۔ ائیر پورٹ پر ڈیوٹی فری شاپس، ہوٹل ، کنونشن سنٹر، ائیر مالز، بزنس سنٹرز، فوڈ کورٹس کے ساتھ ساتھ کئی تفریحی سرگرمیاں موجود ہوں گی۔