سرورِ کونین حضرت محمد ﷺ کی مرغوب اور پسندیدہ غذائیں

Published On 06 Oct 2015 08:46 PM 

اللہ تعالیٰ کے پیارے حبیب سرورِ کونین حضرت محمد ﷺ کسی خاص قسم کے کھانے کیلئے اہتمام نہیں فرماتے تھے جس قسم کا کھانا سامنے آتا اسے تناول فرما لیتے۔ آپ ﷺ نے کبھی کسی کھانے میں عیب نہیں نکالا۔ اگر خواہش ہوتی توتناول فرما لیتے۔ اگر ناپسند سمجھتے تو چھوڑ دیتے تھے۔ آئیے ان چند غذائوں کا ذکر کرتے ہیں جو آپ ﷺ کو بہت پسند تھیں۔

کھجور: 
حضور نبی کریم ﷺ کو کھجور بہت زیادہ پسند تھی۔ کھجور ہمارے نبی ﷺ کی مرغوب غذا رہی ہے۔ عجوہ کھجور نبی اکرم ﷺ کو سب سے زیادہ پسند تھی۔ ایک روایت میں آپ ﷺ نے کھجور کی اہمیت اس طرح بیان کی ہے کہ جس گھر میں کھجور نہ ہو اس گھر کے لوگ بھوکے ہیں۔ رسول ﷺ کا ارشاد ہے جو شخص روزانہ صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لیا کرے اسے اس دن زہر اور جادو سے کوئی نقصان نہیں ‌پہنچا سکتا۔ ایک اور جگہ ارشاد ہے عجوہ جنت کا پھل ہے۔ اس میں زہر سے شفا دینے کی تاثیر ہے۔
 
کدو:
حضور اکرم ﷺ کو سبزیوں میں کدو بہت پسند تھا۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے حدیث مروی ہے کہ آپ ﷺ کو ایک دعوت میں جو کی روٹی اور کدو گوشت کا شوربہ پیش کیا گیا۔ میں نے حضور نبی کریم ﷺ کو دیکھا کہ پیالے کے کناروں سے کدو تلاش فرما کر تناول فرما رہے تھے۔ میں اس روز کے بعد ہمیشہ کدو کو پسند کرنے لگا۔

جو کی روٹی:
سرور کونین حضرت محمد ﷺ جو کی روٹی کو بہت پسند فرماتے تھے۔ حضور ﷺ نے اپنی ساری زندگی میں کبھی بھی میدہ کی روٹی تناول نہیں فرمائی۔ ابو داﺅد میں حدیث ہے کہ آپ ﷺ نے جو کی روٹی کا ٹکڑا لیا اور اس پر کھجور رکھی اور فرمایا کہ یہ اس کا سالن ہے اور تناول فرما لیا۔
 
روغن زیتون:
تاجدار انبیاء ﷺ نے روغن زیتون کو بڑا پسند فرمایا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ زیتون کا تیل کھاﺅ اور مالش میں استعمال کرو۔ اس لئے کہ وہ مبارک درخت سے پیدا ہوتا ہے۔

سرکہ:
ہمارے پیارے نبی ﷺ کو سرکہ بھی بہت پسند تھا۔ آپ ﷺ نے نہ صرف سرکہ کو تناول فرمایا بلکہ اس کی تعریف بھی فرمائی۔ حدیث میں ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ سرکہ بھی کیسا بہترین سالن ہے۔
 
گوشت:
آپ ﷺ نے گوشت کو کھانوں کا سردار فرمایا ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے شوربے والا اور بُھنا ہوا گوشت شوق سے تناول فرمایا۔ حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ کی خدمتِ اقدس میں کہیں سے بکری کا گوشت آیا۔ اس میں سے دست کا گوشت خدمت اقدس میں پیش کیا گیا۔ آپ ﷺ نے اس کو دانتوں سے کاٹ کر تناول فرمایا۔
 
آپ ﷺ کو نیا پھل بہت پسند تھا: 
پھل اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک بہترین نعمت ہیں۔ حضور اکرم ﷺ نے پھلوں کو بھی تناول فرمایا۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عادت مبارکہ تھی کہ جب بازار میں کوئی نیا پھل دیکھتے تو خرید کر بارگاہ نبوی ﷺ میں پیش کر دیتے تا کہ پھل پہلے حضور سرور کائنات ﷺ تناول فرمائیں۔