مخالفین کی سازشوں سے ملک ترقی میں بہت پیچھے رہ گیا :نواز شریف

Published On 21 Nov 2015 12:52 PM 

دہشتگردی کے واقعات نے ان گنت سکیورٹی اہلکاروں کی جانیں لے لیں ، خانیوال ملتان موٹر وے سیکشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب

خانیوال (دنیا نیوز ) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین کی سازشوں سے ملک ترقی کی راہ میں بہت پیچھے رہ گیا ۔
خانیوال میں خانیوال ملتان موٹر وے سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ترقی کے منصوبے شروع ہوچکے ہیں اور عوام کو جلد ان کے ثمرات نظر آئیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اب قوم باشعور ہوچکی ہے اور وہ قومی ترقی کا راستہ روکنے والوں سے حساب لے رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ پشاور سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لاہور تک موٹر وے بنا دیا جس سے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی ، اب گوجرہ سے شور کوٹ اور خانیوال تک بھی سڑک بنائی جائے گی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گوادر میں بھی ایک نیا ایئرپورٹ بنایا جائے گا جو پورے ملک میں سب سے خوبصورت ایئرپورٹ ہوگا ۔

بعد ازاں وزیر اعظم نے شامکوٹ کا دورہ کیا اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی طالبات سے ملاقات اور گپ شپ بھی کی۔ وزیر اعظم کا شامکوٹ کا دورہ، طالبات کو خوشیوں کی نوید دے گیا۔ نواز شریف نے گرلز ہائی اسکول کی بچیوں کے ساتھ نشست جمائی اور ان سے مختلف سوالات بھی پوچھے۔ وزیراعظم نے طالبات سے پوچھا کہ کتنی بچیاں میٹرک تک تعلم حاصل کریں گی اور کتنی اس سے آگے بھی پڑھنا چاہتی ہیں، بچیوں کے یہ جواب دینے پر کہ وہ آگے بھی تعلیم جاری رکھیں گی، وزیر اعظم نے فوراً ہی اسکول کا گریڈ بڑھانے اور آئی ٹی لیب بنانے کا اعلان کر دیا۔

اساتذہ کم ہونے کی شکایت پر بھی وزیر اعظم نے ایکشن لیا اور وہاں موجود کمشنر اور ڈی سی او کو معاملہ حل کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے طالبات کے ساتھ مل کر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔