راولپنڈی: پولیس کا طالبہ کو قتل کرنیوالے ملزم کو وی آئی پی پروٹوکول

Published On 22 Nov 2015 05:03 PM 

راولپنڈی میں طالبہ کو چھت سے گرا کر قتل کرنے کا معمہ حل نہ ہو سکا، پولیس نے گرفتار ملزم کو وی آئی پی پروٹو کول دینا شروع کر دیا، دوسری جانب لڑکی کی آبائی علاقے چکوال میں تدفین کر دی گئی ہے۔

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے روات میں طالبہ کے قتل کا واقعہ نیا رخ اختیار کرنے لگا۔ ملزم عمیر کو گرفتار کرنے کے بعد تھانہ روات میں زیادتی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تاہم پولیس نے تاحال ملزم کی گرفتاری ظاہر نہیں کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھی بااثر ہیں۔ پولیس کی جانب سے عمیر کو غیر معمولی پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ملزم عمیر کو رات بھر حوالات میں رکھا اور اسے آج ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ملزم کی حالت ٹھیک ہے اور اسے پاؤں پر معمولی چوٹ آئی ہے، جس کی مرہم پٹی کر دی گئی ہے۔

ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے لواحقین نے تاحال ان سے رابطہ نہیں کیا۔ ملزم کے ابتدائی بیان کے بعد اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ قتل ہونے والی لڑکی کی چکوال کے نواحی علاقے میں تدفین کر دی گئی ہے۔ لڑکی نے فیس بک پر لڑکے سے دوستی کی تھی، جسے گزشتہ روز راولپنڈی میں چھت سے گرا کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے قتل سے ایک روز پہلے اپنے والدین کو آگاہ کر دیا تھا کہ اس کی جان کو خطرہ ہے۔

ڈی ایس پی صدر کے مطابق ملزم کا اسپتال میں طبی معائنہ کرایا جا رہا ہے اور اسے دن میں کسی وقت مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ پولیس نے اسکے دو ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔