'داعش میں شمولیت کیلئے پاکستان سے تقریباً سو افراد شام اور عراق گئے'

Published On 04 Jan 2016 04:37 PM 

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے داعش میں شمولیت کے لئے جانے والوں کی تعداد سو سے زیادہ نہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ تنظیم پاکستان میں موجود ہے ۔ خورشید شاہ کے پاس اگر بھرتی کی فہرستیں ہیں تو حکومت کو فراہم کر دیں۔

فیصل آباد: (دنیا نیوز) میڈیا سے گفتگو میں پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا سیکورٹی فورسز بہت محنت سے کام کر رہی ہیں۔ الزام لگانا درست نہیں۔ اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کے پاس اگر داعش میں بھرتی کی فہرستیں ہیں تو حکومت کو دیں۔ داعش میں شمولیت کے لئے دنیا بھر سے لوگ جا رہے ہیں۔ پاکستان سے بھی جا رہے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ داعش پاکستان میں موجود ہے۔

اُن کا کہنا تھا پاکستان سے جو لوگ داعش میں شمولیت کے لئے گئے ہیں ان کی تعداد سو سے زیادہ نہیں۔ داعش کو پاکستان میں جڑیں نہیں پکڑنے دیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ڈسکہ سے پکڑے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق ماضی میں ایک کالعدم تنظیم سے رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ لاہور سے جو تین خواتین گرفتار کی گئی ہیں اُن کا تعلق مخصوص تنظیم سے تھا۔ رانا ثناء نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں ہر روز غضب کرپشن کی کہانیاں سامنے آتی رہیں ۔ انہوں نے تربیتی پرواز کے دوران شہید ہونے والی پائلٹ مریم مختیار سے منسوب چوک کا بھی افتتاح کیا۔