ثالثی کا کردار ادا کرنے کا انتظار ہے: سرتاج، صوبوں کو خود مختاری دی: پرویز

Published On 09 Jan 2016 08:03 PM 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار صوبوں کو خود مختاری دی گئی ہے، جس صوبے میں جو اکثریت میں آیا اسی کی حکومت ہے، جبکہ مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ نیشنل سکیورٹی بارے ان کیمرہ اجلاس جلد ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل کالج آف آرٹس میں طلبہ و طالبات کے تھیسز ورک کی نمائش کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جمہوری روایات پہلی بار برقرار رکھی گئیں، وفاق اور صوبے مل کر ملکی مفاد کے لئے کام کرتے ہیں۔ جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کے تحفظات سننے کی ذمہ داری وزیر داخلہ کو دی گئی ہے۔

مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ سعودی عرب، ایران کے درمیان سیاسی کشیدگی تو پرانی ہے تاہم اسلامی ممالک سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ثالثٰی کا کردار ادا کرنے کے انتظار میں ہے۔

سرتاج عزیز نے واضح کیا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کا شیڈول برقرار ہے جبکہ نیشنل سکیورٹی کے حوالے سے ان کیمرہ اجلاس جلد بلایا جائے گا، جو وقت کی ضرورت بھی ہے۔