پنجاب کے اکثرعلاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی بڑھ گئی۔ شمالی علاقوں میں آج مطلع صاف رہےگا۔
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کا راج ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں شدید دھند چھائی رہی۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال کو بھی دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ شیخوپورہ، قصور اور پاکپتن میں بھی دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چند روز تک جاری رہے گی۔ دھند کے باعث پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی بڑھے گی۔ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں روزانہ صبح کے وقت دھند کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ ڈی آئی خان، بنوں اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید دھند کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں آج مطلع صاف رہے گا۔