پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دیں :شہباز شریف

Published On 21 Jan 2016 10:08 AM 

دہشتگرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں ، سانحہ چارسدہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے :چینی وفد سے ملاقات میں گفتگو

لاہور (دنیا نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ، کہتے ہیں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پوری قوم پرعزم ہے ۔ لاہورمیں صدر پاک چائنہ فرینڈشپ ایسوسی ایشن شا ژوکینگ کی سربراہی میں وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چینی وفد نے باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی اورقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ اس موقعہ پر محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں ۔ باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پوری قوم پرعزم ہے ۔ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ، سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد ہو رہا ہے سی پیک ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ۔