پنجاب کے تعلیمی اداروں کی مساجد میں خطبات انتظامیہ کی منظوری سے دئیے جائیں گے۔ تبلیغی جماعت کے یونیورسٹیوں میں تبلیغ اور ٹھہرنے پر پابندی ہو گی۔ نوٹیفکیشن کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔
لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ باچا خان یونیورسٹی کے بعد تعلیمی اداروں کیلئے سیکورٹی پلان کی تشکیل جاری ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نئی ایڈوائزری کے مطابق تعلیمی اداروں کی حدود میں مساجد میں خطبات انتظامیہ کی منظوری سے دینے کی پابندی ہو گی۔ یونیورسٹی انتظامیہ دہشت گرد عناصر سے ہمدردی رکھنے والے فیکلٹی ممبران کی اطلاع فوری سیکورٹی اداروں کو دینے کی پابند ہو گی۔ تبلیغی جماعت پر یونیورسٹیز کی حدود میں تبلیغ کرنے اور ٹھہرنے پر پابندی لگا دی گئی۔
ایڈوائزری کے مطابق انتظامیہ کے تعاون سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کرے گا۔ ہاسٹلز میں غیر طلباء عناصر کے ٹھہرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔ اسلحہ اور منشیات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کو اپنا انٹیلی جنس نظام بنانےکا پابند بھی کر دیا گیا ہے۔
سیکورٹی ادارے تمام اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے روزانہ چیک اینڈ بیلنس کریں گے اور ہر تعلیمی ادارہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے نشاندہی کی گئی خرابی کو 15 دن میں دور کرنے کا پابند ہو گا۔