سول اور عسکری اداروں کی کوششوں سے بلوچستان میں امن قائم ہوا: نواز شریف

Published On 02 Feb 2016 12:37 PM 

اسلام آباد میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے بلوچستان اسمبلی میں پہلی مرتبہ خاتون اسپیکر کے انتخاب کو انتہائی حوصلہ افزاء قرار دیا

اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان ان کے دل کے بہت قریب ہے ، سیکیورٹی اداروں کی انتھک کوششوں سے صوبہ میں امن آیا ، خوشحالی بھی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔

اسلام آباد میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے بلوچستان اسمبلی میں پہلی مرتبہ خاتون اسپیکر کے انتخاب کو انتہائی حوصلہ افزاء قرار دیا اور کہا کہ بلوچستان میں امن و خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ، تین سال میں سول و عسکری اداروں کی انتھک کوششوں سے بلوچستان میں امن قائم ہوا ہے ۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ برسوں میں بھی بلوچستان کی ترقی حکومتی ترجیحات میں سرفہرست رہے گی ، اس موقع پر راحیلہ درانی نے بلوچستان میں قیام امن اور ترقی کیلئے کوششوں پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور صوبائی اسمبلی میں قانون سازی اور پارلیمانی امور سے متعلق بریفنگ دی ۔