چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی جلد سونامی آنے والی ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف آزاد کشمیر کے الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آزاد کمشیر کے الیکشن میں اچھی شہرت کے حامل امیدواروں کو ٹکٹ دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ ہونا ن لیگ کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ مسلم لیگ ن دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں جیت سکتی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ جلد آزاد کشمیر کا دورہ کر کے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لے کر قوم کو مقروض بنا دیا ہے۔
بعد ازاں اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہ لے کر حکومت نے شکوک و شبہات پیدا کئے ہیں۔ عمران خان بھی پی آئی اے ملازمین کے ہمنوا بن گئے ہیں، ہڑتالی ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں، ایسی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔