کراچی: پریڈی سے گرفتار دہشتگرد القاعدہ برصغیر کا رکن نکلا

Published On 14 Feb 2016 05:05 PM 

کراچی میں امن کے دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا، پریڈی سے گرفتار دہشتگرد ڈینٹل ڈاکٹر ہے اور القاعدہ برصغیر سے تعلق رکھتا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کراچی: (دنیا نیوز) پریڈی تھانے کے علاقے صدر سے گزشتہ رات پولیس مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے دہشتگرد عثمان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں دو مقدمات درج کر لئے گئے ہیں، پولیس کے مطابق مقدمات میں غیر قانونی اسلحہ اور پولیس مقابلے، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم عثمان خان تعلیم یافتہ اور دانتوں کے امراض کا ڈاکٹر ہے اور اس کا تعلق کالعدم تنظیم القائدہ برصغیر سے ہے۔

ملزم عثمان کو گزشتہ روز پریڈی پولیس نے مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا، ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کا سہولت کار ہے اور کالعدم تنظیم کے لئے بھتہ جمع کرنے میں ملوث رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد سانحہ صفورا کے مرکزی ملزم سعد عزیز سے بھی رابطے میں تھا۔ اس کے خلاف دہشتگردی کیلئے فنڈنگ کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔