حیدر آباد: مختلف علاقوں میں 3 روز سے بجلی بندش کیخلاف مظاہرہ، سڑک بلاک

Published On 14 Feb 2016 05:08 PM 

حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین روز سے بجلی بندش کے خلاف مردوں اور خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر نذر آتش کر کے سڑک بلاک کر دی۔

حیدر آباد: (دنیا نیوز) امریکن کوآرٹر، حالی روڈ اور اس سے متصل گنجان آباد علاقوں میں گزشتہ تین روز سے بجلی کی بندش کے خلاف مردوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے حالی روڈ سے باچا خان چوک نیا پل تک احتجاجی مارچ کیا اور روڈ بلاک کر کے ٹائر نذر آتش کر دئیے۔ خواتین نے احتجاجی دھرنا بھی دیا۔ مظاہرین حیسکو انتظامیہ کے افسران کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین روز سے حیسکو کے افسران نے زبردستی ان کے علاقوں کی بجلی بند کر رکھی ہے جس کے سبب ان کے گھروں میں نہانے دھونے حتیٰ کہ پینے تک کا پانی ختم ہو گیا ہے، بجلی کی بحالی کے لئے شکایات کے باوجود بجلی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ انھوں نے صدر اور وزیر اعظم پاکستان سمیت تمام اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ فوری بجلی بحال کروائی جائے بصورت دیگر وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔