کراچی: پھاڑ دیا گریبان، کاٹ دیا چالان، ٹریفک پولیس اہلکار کا رکشہ ڈرائیور پر تشدد

Published On 14 Feb 2016 05:57 PM 

کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار آپے سے باہر ہو گیا، پریڈی اسٹریٹ پر ٹریفک پولیس اہلکار تلخ کلامی کے بعد رکشا ڈرائیور سے دست و گریبان ہو گیا۔

کراچی: (دنیا نیوز) ٹریفک پولیس اہلکاروں اور شہریوں میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات معمول بننے لگے۔ صدر کے علاقے پریڈی اسٹریٹ میں ٹریفک پولیس کے سیکشن آفیسر نے رکشا ڈرائیور کو روکا۔ اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے پر اس کی رکشا ڈرائیور کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ ٹریفک پولیس اہلکار نے رکشا ڈرائیور کا گریبان پکڑا، جس سے اس کے کپڑے پھٹ گئے۔ جھگڑے کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار کو رش کو کنٹرول کرنے کے لئے اسلحہ بھی نکالنا پڑا۔

کچھ دیر بعد دوسرے اہلکار بھی پہنچ گئے اور انہوں نے بیچ بچاؤ کراتے ہوئے رکشا ڈرائیور کا چالان کرنے کے بعد اسے جانے دیا۔