لاہور :خودکش دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا ، جاں بحق افراد کی تعداد 72 ہوگئی

Published On 28 Mar 2016 09:32 AM 

مرنے والوں میں سے 54 کی لاشیں ورثا کے حوالے ،، تین سو سے زائد زخمی شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں

لاہور (دنیا نیوز ) امن کے دشمن دہشت گردوں نے لاہور کو خون میں نہلا دیا ، دھماکے کا ایک اور زخمی 6 سالہ محب اللہ جناح ہسپتال میں دم توڑ گیا ۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 72 ہو گئی ۔ تین سو سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ مرنے والوں اور زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے ۔ جاں بحق ہونے والے چوون افراد کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں ۔ دہشتگردوں نے لاہور کے گلشن اقبال کو خون میں نہلا دیا ۔ گزشتہ روز شام 6 بج کر 40 منٹ پر ہونے والے خود کش دھماکے نے گلشن اقبال میں جیتے جاگتے انسانوں اور چہچہاتے رنگ برنگ پھول ایسے معصوم بچوں کو ہمیشہ کے لئے موت کی نیند سلا دیا ۔ دھماکے کے بعد پارک میں آہ و بکا ، افراتفری اور چیخ و پکار ، ہر طرف ، قیامت صغریٰ نظر آئی ۔ لوگ دیوانہ وار اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے رہے ۔ لوگ پولیس اور ریسیکو ٹیموں کے تاخیر سے پہنچنے پر بھی نالاں نظر آئے ۔ افسوس ناک واقعے کے بعد شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ فلاحی اداروں کی ایمبولینسز بھی قابل ذکر کام کر رہی ہیں ۔ ہسپتالوں میں زیر علاج کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ ڈیڈ ہاؤس سے مزید 2 افراد کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔