میاں صاحب ملک کے چکر لگانے کی بجائے پاناما لیکس پر جواب دیں: عمران خان

Published On 09 May 2016 08:21 PM 

عمران خان نے کہا مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ پتا نہیں میاں صاحب نیا خیبرپختونخوا کہاں ڈھونڈ رہے ہیں۔

پشاور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا جلسے میں آتے ہوئے گولی چلنے کی خبر کا پتا چلا اور سمجھا تھا کہ جلسے میں پہنچتے ہوئے پنڈال خالی ہو گا لیکن آپ اس ملک کے ٹائیگرز اور مستقبل ہیں آپ کو گولی بھی نہیں ڈرا سکتی۔ خطاب میں عمران خان نے اکرم درانی پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا انہوں نے کہا تھا بنی گالا کی اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا۔ بنی گالا تو دور کی بات پرسوں بنوں آ رہا ہوں دیکھنا میں کیا کرتا ہوں۔ اکرم درانی نے کہا تھا جب چاہوں حکومت گرا سکتا ہوں مطلب رشوت دے کرایم پی ایز کو خریدنا ہے۔ یہ لوگ اپنی جماعت کو علما اسلام کہتے ہیں اگر اکرم خان درانی رشوت دے کر حکومت گرائے گا تو کیا یہ اسلام ہے؟۔ عمران خان نے کہا میں چاہتا ہوں اکرم درانی پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کی قیمت لگائیں۔ ان لوگوں کی ضرورت نہیں جن کی قیمت لگ جائے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا مولانا بار بار کہتا ہے کہ میں یہودیوں کا ایجنٹ ہوں مولانا کے ہوتے ہوئے یہودیوں کے ایجنٹ کی ضرورت نہیں۔ جو سازش مولانا کرتے ہیں یہودی کی ضرورت نہیں۔ مولانا فضل الرحمان پہلے مشرف پھر زرداری کیساتھ اور آج کل نواز شریف کے ساتھ مل گیا۔

 

عمران خان نے کہا اگر خدانخواستہ پاکستان کا وزیراعظم یہودی بن جائے تو فضل الرحمان اس کے بھی وزیر ہوں گے۔ مولانا صاحب آپ کی سیاست کے دن ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا میاں صاحب آپ کو نیا پختونخوا نظر نہیں آ رہا اور آپ کے مطابق نئے پاکستان کا مطلب سڑک ہے لیکن قومیں سڑکیں بنا کر نہیں تعلیم، روزگار دینے سے بنتی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا وزیراعظم نے سوائے میرے پوری اپوزیشن کو بھی قابو کر لیا ہے۔ 20 سال سے کہہ رہا تھا کہ نواز شریف نے پیسہ بنایا اور اللہ سچ سامنے لیکر آیا ہے۔ پاناما لیکس کا جواب دینے کے بجائے نواز شریف معصوم بن جاتے ہیں اور آجکل جلسے کرنے نکلے ہوئے ہیں۔ پاناما لیکس میں نام آنے پر آئس لینڈ کے وزیراعظم نے استعفیٰ دیا میاں صاحب آپ کو دوروں کی بجائے جواب دینا ہو گا۔ میاں صاحب نے سکھر میں ایئرکنڈیشنڈ جلسہ کیا ہمارا جلسہ دیکھیں چالیس ڈگری میں میرے ٹائیگر کھڑے ہیں اس کو جلسہ کہتے ہیں ۔ نوجوان نیا پاکستان بنائیں گے۔

 

انہوں نے اپنے خطاب میں ملائیشیا کی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا مہاتیر محمد نے ملایشیا کو عظیم ملک بنایا۔ مہاتیر محمد نے کہا کہ لیڈر کو ایماندار ہونا چاہیے کیونکہ جب لیڈر کرپٹ ہو تو پورا ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ جب لیڈر خود چور ہو تو نیب کو کیسے آزاد ہونے دے گا ورنہ خود پکڑا جائے گا۔ خیبرپختونخوا کی نیب نے وزیر کو پکڑا کبھی ایسا پہلے نہیں ہوا تھا۔ نواز شریف اگر بے قصور ہیں تو خیبرپختونخوا کی طرح احتساب کا قانون لیکر آئیں۔ عمران خان نے کہا نواز شریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا تھا کیونکہ کرپٹ آدمی کبھی بھی عدلیہ کو نہیں چلنے دے گا۔ پنجاب پولیس چھوٹو گینگ کا مقابلہ نہیں کر سکی اور فوج بلانا پڑی۔ خیبرپختونخوا پولیس نے سورن سنگھ کے قاتلوں کو 24 گھنٹے میں پکڑ لیا۔ زیادہ دیر نہیں پنجاب پولیس بھی ٹھیک کر کے دکھاؤں گا۔ میاں صاحب نے کرپشن بچانے کیلئے پورے ملک کا نظام تباہ کر دیا۔ کپتان نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہمارا اور حکومت کا زبردست ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ ہونے والا ہے کیونکہ ایک طرف کرپٹ لوگ اور دوسری پاکستانی ہیں۔ میاں صاحب آپ کو آپ کے امپائروں کے ساتھ ہراؤں گا۔

 

عمران خان نے کہا وزیراعظم نے کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے اور نجم سیٹھی کو دھاندلی کروانے پر کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنایا۔ پی ٹی وی پر بھی سفارشی لگا دیا گیا تمام ادارے تباہ کر دیئے گئے۔ ضمنی انتخابات میں نئے اور پرانے پاکستان کا مقابلہ ہو گا۔ دھاندلی پر الیکشن کمیشن کا احتساب کروں گا تین حلقے مانگے تھے اب تک 3 وکٹیں گر گئیں چکی ہیں اب چوتھی گرنے والی ہے۔ خواجہ آصف سپریم کورٹ کے پیچھے چھپا ہوا تھا ان کے حلقے میں 30 ہزار جعلی ووٹ نکلے ۔ (ن) لیگ نے الیکشن کمیشن کیساتھ ملکر دھاندلی کی تھی۔

 

عمران خان نے کہا خیبرپختونخوا میں کرپشن کو نیچے لیکر آئے ہیں۔ ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کے مطابق پہلی حکومت میں سب سے زیادہ کرپشن تھی ۔ فافن کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں زیادہ کرپشن ہے کیونکہ لیڈر کرپٹ ہے۔ انہوں نے کہا خیبرپختونخوا میں بلدیات میں اختیارات کی نچلی سطح منتقلی کا وعدہ پورا کروں گا۔ یونیورسٹیوں کو ابھی ٹھیک نہیں کیا لیکن کر کے دکھائیں گے۔ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں کو ٹھیک کریں گے۔