جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان بھی کوئٹہ میں ورکرز کنونشن کے دوران کپتان پر خوب جم کر برسے، کہتے ہیں کہ چور چور کا شور مچانے والے خود چور نکلے، اب سڑکوں پر یو ٹرن کے سائن کی بجائے عمران خان کی تصویر لگانی چاہئے، وزیر اعظم کو صلیب پر چڑھا کر خود کو بچانے والوں کو محفوظ راستہ حاصل نہیں کرنے دیں گے۔
کوئٹہ: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف پاناما لیکس تحقیقات کے معاملے پر خود فیصلہ نہیں کر پا رہی، پہلے ایف آئی اے، پھر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے تحققیات کا مطالبہ کرتی رہی اور بعد میں ٹی او آرز پر جھگڑا کھڑا کر کے قوم کو انتشار کا شکار بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنی تقریر کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چور چور کا شور مچانے اور وزیر اعظم کا استعفیٰ مانگنے والے خود چور نکلے، عمران خان اپنی بات سے پھرنے پر اتنے مشہور ہو چکے ہیں کہ اب سڑکوں پر یو ٹرن کے نشان کی بجائے ان کی تصویر لگا دی جانی چاہئے۔
کوئٹہ کے ریلوئے ہاکی گراؤنڈ میں منقدہ ورکرز کنونشن سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری، حافظ حسین احمد اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔