وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ انتخابات کا انتظار کرنے کی بجائے عمران خان طاقت کے زور پر اسلام آباد پر قابض ہونا چاہتے ہیں، ملک میں افراتفری پیدا ہوئی تو سرمایہ کاری کی فضا خراب ہو گی۔
لاہور: (دنیا نیوز) پریس کلب میں صحافت پر ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ 2018ء انتخابات کا سال ہے جس کے لئے آئندہ سال انتخابی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی لیکن عمران خان اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے انتخابات کی بجائے زور زبردستی سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اگر ٹی او آرز پر بنائی جانے والی کمیٹی کی رائے کا انتظار نہیں کرنا تو پھر اِسے تشکیل دینے کی کیا ضرورت تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ پٹھانکوٹ حملے میں بھارت کی طرف سے پاکستان کو کلین چٹ ملنا وزیر اعظم نواز شریف کی غیرمعمولی فہم و فراست پر مبنی حکمت علی کا نتیجہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ میڈیا کو محبت اور انسانیت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔