کوئٹہ : دعووں کے باوجود رمضان بازار معیاری اشیا سے محروم

Published On 08 Jun 2016 12:02 PM 

سریاب اور جوائنٹ روڈ پر سستے بازار نہ لگ سکے ، میزان چوک میں لگے 10 میں سے تین سٹالز خالی پڑے ہیں

کوئٹہ (دنیا نیوز ) کوئٹہ میں انتظامیہ کے دعووں کے باوجود رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے چار میں سے دو سستے بازار لگ سکے ہیں ، جہاں بھی ضروری اور اہم خور و نوش کی چیزیں دستیاب نہیں ، جو ہیں تو وہ بھی غیر معیاری ہیں ۔

کوئٹہ کے شہریوں کو رمضان المبارک میں انتظامیہ کی جانب سے کم نرخوں پر اشیائے خور و نوش فراہم کرنے کے لئے سریاب روڈ پر ایریگیشن کالونی ، سیٹلائٹ ٹائون میں چاندنی چوک پر ، جوائنٹ روڈ اور میزان چوک پر ستے بازار لگانے کی رمضان سے پہلے نوید سنائی تھی ، لیکن یہ علان بھی صرف دعویٰ ہی ثابت ہوا ۔

تاحال سریاب روڈ اور جوائنٹ روڈ پر سستے بازاروں کا وجود دکھائی نہیں دے رہا ۔ البتہ چاندنی چوک پر لگائے گئے سستے بازار میں یوٹیلٹی سٹور کے ایک ٹرک کے علاوہ کوئی کھانے پینے کی چیز دستیاب نہیں بلکہ انتظامیہ نے بازار میں اپنی پبلیسٹی کے لئے بڑے بینرزضرور لگائے ہیں ۔ میزان چوک پر ٹینٹ لگا کر 10 سٹالز بنائے گئے ہیں جن سے تین سٹالز خالی پڑے ہیں ،

شہریوں کا کہنا ہے کہ سستے بازار کے نام پر میزان چوک پر لگنے والے بازار میں غیر معیاری چیزیں بک رہی ہیں اور کوالٹی کنڑول کا کوئی بندوبست نہیں ۔ کوئٹہ شہر کی آبادی لگ بھگ 35 لاکھ ہے لیکن اتنی بڑٖی آبادی کے لئے چار غیر فعال سستے بازار شہریوں کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے تاہم انتظامیہ کا موقف ہے کہ سستے بازاروں کو آنے والے دنوں میں پوری طرح فعال کر دیا جائے گا ۔