وزیر اعظم نواز شریف اقوام متحدہ کے 71 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں انہیں کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے حوالے سے آگاہ کریں گے
اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہو گئے ، وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم فوری رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری کو تعاون ادا کرنے پر زور دیں گے ۔
وزیر اعظم نواز شریف دس روزہ دورہ امریکہ پر روانہ ہو گئے ہیں جہاں پر وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں شرکت اور اکیس ستمبر کو خطاب کرینگے ۔ بحیثیت وزیراعظم ان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے یہ چوتھا خطاب ہو گا ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیراعظم امن وسلامتی سے متعلق عالمی معاملات میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائیں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز میٹنگز میں مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بات کرینگے ۔ وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے بھی ملاقات کرینگے ۔
اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت دیگر اہم حکام بھی نیویارک میں وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے ۔ وزیر اعظم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھائیں گے اور عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ پورا کرنے کا کہیں گے ۔ وزیر اعظم عالمی تنظیم سے کشمیر میں بھارتی مظالم فوری رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تعاون کرنے پر زور ڈالیں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف عالمی سطح پر مہاجرین کے مسائل سے متعلق اجلاسوں سےخطاب میں افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی پر بھی بات کرینگے ۔ وزیراعظم یو ایس پاکستان بزنس کونسل اور یو ایس چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کرینگے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف نے دورہ امریکا کے حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر اور حریت رہنماؤں کے وفد سے ملاقات کی اور کشمیر کے معاملے پر مشاورت کی ۔ اس دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے گا ۔