فاضل جج نے عمران خان اور طاہرالقادری کی عدم گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم جلسے جلوس کرتے پھر رہے ہیں لیکن پولیس تاحال گرفتار نہیں کر سکی
اسلام آباد (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے وفاقی پولیس کے ایس ایس پی پر تشدد سے متعلق کیس میں عمران خان اور طاہر القادری کو 11 اکتوبر تک ہر صورت گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ فاضل جج کا کہنا ہے کہ ملزم جلسے جلوس کرتے پھر رہے ہیں لیکن پولیس کو مل ہی نہیں رہے ۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سہیل اکرام نے دبنگ ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت کی ۔ تھانہ سیکرٹریٹ کے ایس ایچ او نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ دونوں ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ۔ فاضل جج نے عمران خان اور طاہرالقادری کی عدم گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم جلسے جلوس کرتے پھر رہے ہیں لیکن پولیس تاحال گرفتار نہیں کر سکی۔
عدالت نے عمران خان اور طاہرالقادری کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ایس ایس پی ساجد کیانی کو 11 اکتوبر تک دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔