لندن فلیٹس خریداری: اکرم شیخ نے اضافی دستاویز عدالت میں جمع کرا دی

Published On 05 Dec 2016 07:40 PM 

لندن میں پارک لین کے چاروں اپارٹمنٹس کب اور کتنے میں خریدے گئے؟ حسین نواز کے وکیل اکرم شیخ نے اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں، اکرم شیخ کہتے ہیں اضافی دستاویزات عدالتی ریکارڈ پر لانے سے انصاف ہو سکے گا۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اضافی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ لندن کے پارک لین اپارٹمنٹس 1993ء سے 1996ء کے درمیان خریدے گئے۔ چاروں اپارٹمنٹس نیلسن اور نیسکول کمپنی نے خریدے۔ مجموعی مالیت 19 لاکھ 5 ہزار پاؤنڈز تھی۔ دستاویزات میں فلیٹس کی خریداری کے وقت دونوں کمپنیاں الثانی خاندان کی ملکیت ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق، نیسکول کمپنی نے پارک لین کا فلیٹ نمبر 17، 7 مئی 1993ء کو 5 لاکھ 85 ہزار پاؤنڈز میں جبکہ فلیٹ نمبر 17 اے، 5 جولائی 1996ء کو 2 لاکھ 35 ہزار پاؤنڈز میں خریدا۔

اضافی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پارک لین کے فلیٹ نمبر 16 اور 16 اے 10 جولائی 1995ء کو نیلسن کمپنی کے ذریعے خریدے گئے۔ کمپنی نے دونوں فلیٹس کی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار پاؤنڈز ادا کی۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اپارٹمنٹس کی قیمت خرید سے متعلق اضافی دستاویز عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائی جائے کیونکہ اضافی دستاویز عدالتی ریکارڈ پر لانے سے ہی انصاف ہو سکے گا۔