پیر امان اللہ نے جن نکالنے کے نام پر لڑکی کے سر پر ڈنڈے برسائے ، لڑکی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا
ڈی جی خان (دنیا نیوز ) ڈیرہ غازی خان میں جعلی پیر نے جن نکالنے کے نام پر وحشیانہ تشدد کر کے ایک اور حوا کی بیٹی کی جان لے لی ، جعلی پیر موقع سے فرار ہو گیا ۔ کوئی بنگال کا ساحر تو کوئی کامل پیر ، کسی کا ڈنکے کی چوٹ پر یہ اعلان ، محبوب آپ کے قدموں میں ، بے اولاد مایوس نہ ہوں ، گھریلو ناچاقی دشمن سے محفوظ ، مقدمے بازی سے چھٹکارا ، بیماریوں سے نجات ، قریہ قریہ ، شہر شہر ، ان جعلی پیروں کا کاروبار خوب دھڑلے سے چل رہا ہے اور کوئی پوچھنےوالا نہیں ۔ ڈی جی خان میں ایک ایسے ہی جعلی پیر نے حوا کی ایک اور بیٹی سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا ، جن تو نہ نکلا جان نکل گئی ۔ جعلی پیر امان الله کے پاس جواں سال ثریا بیگم کو لایا گیا ۔ جعلی پیر نے جن نکالنے کے لئے ثریا بیگم کے سر پر خوب ڈنڈے برسائے ۔ جن تو کیا نکلتا ثریا بیگم شدید زخمی ہو گئی ۔ ثریا کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا جہاں وہ چل بسی ۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کے سر میں شدید چوٹیں آئی تھیں ۔ پولیس نے جعلی پیر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔