امام کعبہ کی وزیراعلیٰ سے ملاقات، بادشاہی مسجد میں نماز مغرب کی امامت کرائی

Published On 09 Apr 2017 05:19 PM 

امام کعبہ کی لاہور آمد، وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات، بادشاہی مسجد میں نماز مغرب کی امامت کرائی، پاکستان حرمین شرمین کی حفاظت کا اہل ہے، نوشہرہ میں اجتماع سے خطاب۔

لاہور: (دنیا نیوز) امام کعبہ لاہور پہنچ گئے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہابز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دیگر اہم قومی و صوبائی رہنماء بھی موجود تھے۔ امام کعبہ نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نمازِ عصر کی امامت کرائی۔

بعد ازاں امام کعبہ نے بادشاہی مسجد لاہور میں نماز مغرب کی امامت کرائی۔ متعدد اہم شخصیات نے بھی ان کی امامت میں نماز ادا کی۔ امام کعبہ کی آمد کے موقع پر بادشاہی مسجد لاہور میں لوگوں کا رش لگ گیا۔ وہ 4 روزہ دورے پر ان دنوں پاکستان میں ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی کامیابی اور اسمت مسلمہ کی سربلندی کیلئے دعا بھی کی۔

نماز کی ادائیگی کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپس کی محبت بڑھانے کیلئے آیا ہوں، سعودی عرب کے عوام کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں۔ امام کعبہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مضبوط ہونا پوری دنیا کے مسلمانوں کے مضبوط ہونے کے مترادف ہے۔

لاہور آمد سے قبل نوشہرہ میں جے یو آئی کے عالمی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حرمین شرمین کی حفاظت کا اہل ہے اور اسلام کا کسی دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔