ایفی ڈرین کوٹہ کیس ، علی موسیٰ گیلانی سمیت 11 ملزموں پر فرد جرم عائد

Published On 21 Apr 2017 11:55 AM 

ملزموں کا صحت جرم ماننے سے انکار ، مقدمات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں ختم کرنے کی درخواست بھی دے دی

اسلام آباد (دنیا نیوز ) ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی سمیت تمام گیارہ ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے مقدمات ختم کرنے کی درخواستیں دائر کر دیں ۔ ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سابق وزیراعظم کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی ، سابق وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین سمیت تمام 11 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ۔ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔ انسداد منشیات عدالت کی جج ارم نیازی کی جانب سے جن دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی ان میں سیکرٹری صحت خوشنود لاشاری ، سابق ڈی جی ہیلتھ اسد حفیظ ، سابق ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر عبدالستار شورانی ، ڈرگ کنٹرولر شیخ انصر ، انجم شاہ اور دیگر شامل ہیں ۔ تمام ملزمان نے اپنے خلاف مقدمات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ختم کرنے کی درخواستیں بھی دائر کر دیں ۔ عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی ۔