سپریم کورٹ نے بنی گالہ اراضی اور آف شور کمپنی کے متعلق 14 سوال اٹھا دیئے

Published On 25 May 2017 05:13 PM 

سپریم کورٹ نے عمران خان کی بنی گالہ اراضی اور آف شور کمپنی کے متعلق چودہ سوالات اٹھا دیئے، کپتان کے وکیل سے منگل تک جواب طلب کر لیا۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کپتان کی بنی گالہ اراضی اور نیازی سروسز کمپنی کے متعلق سپریم کورٹ نے عمران خان کے وکیل سے 14 سوال پوچھ لئے۔

سوال نمبر 1: بنی گالہ اراضی پہلے لی گئی، لندن سے رقم بعد میں آئی، زمین کی ادائیگی پہلے کیسے ہوئی؟

سوال نمبر 2: ثابت کیسے ہو گا کہ راشد کے اکاؤنٹ میں پیسے کب اور کہاں سے آئے؟

سوال نمبر 3: راشد خان نے جائیداد کے لئے خود سے رقم نہیں دی تو ادائیگی کے لئے پیسہ کہاں سے آیا؟

سوال نمبر 4: راشد خان کے اکاؤنٹ میں آنے والی رقم میں دو جگہ جمائمہ کا نام ہے، باقی رقم کس نے بھیجی؟

سوال نمبر 5: طلاق کے بعد 95 کنال بنی گالہ اراضی کا جمائمہ کے نام انتقال کیسے ہوا؟ کاغذات میں زوجہ عمران خان لکھا گیا ایسا کیوں ہوا؟

سوال نمبر 6: چیک سرٹیفکیٹ کے مطابق جمائمہ کو قرض کی واپسی نیازی سروسز کمپنی نے کی تو یہ کمپنی بے معنی کیسے ہوئی؟

سوال نمبر 7: جمائمہ نے لندن سے پہلی رقم جولائی 2002ء میں بھیجی، اس وقت تک 135 کنال زمین کیسے خریدی جا چکی تھی؟

سوال نمبر 8: جمائمہ نے جو اضافی رقم لندن سے بھیجی اس کی ادائیگی راشد خان نے عمران خان کو کیسے کی؟

سوال نمبر 9: جمائمہ کی طرف سے بھیجی گئی رقم میں مطابقت نہ ہوئی تو اسے عدالت کیا سمجھے؟

سوال نمبر 10: آف شور کمپنی کیسے اور کیوں بنائی جاتی ہے؟

سوال نمبر 11: 9 پاؤنڈ مالیت کی کمپنی ایک لاکھ 17 ہزار پاؤنڈز مالیت کا اثاثہ کیسے رکھتی تھی؟

سوال نمبر 12: کیا پاکستانی قوانین کے مطابق نیازی سروسز ظاہر کرنا ضروری تھی؟

سوال نمبر 13: 2002ء میں بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنا ضروری تھے یا نہیں؟ اگر تھے تو کاغذات نامزدگی میں غیرملکی اثاثے کیوں ظاہر نہ کئے گئے؟

سوال نمبر 14: لندن فلیٹ اپریل 2003ء میں فروخت ہوا، اس کا کرایہ 2004ء تک کیسے وصول کیا گیا؟

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا نعیم بخاری صاحب! یقین ہے کہ آپ ہمارے سوالات سمجھ گئے ہوں گے، منگل تک جواب دے دیں۔