حکومت کا سانحہ فیروزپور روڈ کے شہداء اور زخمیوں کیلئے امداد کا اعلان

Published On 25 Jul 2017 06:20 PM 

حکومت پنجاب کا سانحہ فیروزپور روڈ کے شہداء اور زخمیوں کے لئے امداد کا اعلان، شہید ہونیوالوں کے ورثاء کو 20، 20 لاکھ روپے امداد دی جائیگی۔

لاہور: (دنیا نیوز) وطن عزیز دہشتگردی کے عفریت سے نجات نہ پا سکا۔ ایک کے بعد دوسرا سانحہ ہنوز قوم کا مقدر بنا ہوا ہے۔ کبھی کوئٹہ، کبھی پاڑا چنار، کبھی کراچی تو کبھی لاہور۔ خودکش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادتوں کا سلسلہ آئے روز قوم کے دکھوں میں اضافہ کرتا جا رہا ہے۔ پولیس کے سربکف جوان کراچی سے لاہور تک اور کوئٹہ سے کشمیر تک مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنے اہل وطن سے دادِ شجاعت لے رہے ہیں۔

ہر چند کہ ان سانحات میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے اہلخانہ کا غم کسی طور کم نہیں ہو سکتا تاہم پنجاب حکومت نے پسماندگان کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے سانحہ فیروزپور روڈ کے شہداء کے اہلخانہ کیلئے 20، 20 لاکھ اور دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کیلئے 10، 10 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ فیروزپور روڈ دھماکے میں معمولی زخمی ہونے والوں کو 3، 3 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔