لاہور سے لندن اور مانچسٹر جانیوالی تمام پروازوں میں اعلیٰ حکومتی شخصیات کے کہنے پر 10 سیٹیں ایڈوانس میں بک کی جانے لگیں۔
لاہور: (روزنامہ دنیا) پی آئی اے کے حکام کی سابق وزیر اعظم نوازشریف کیساتھ وفاداریوں کے باعث قومی ایئر لائنز کو روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان ہونے لگا۔
معلوم ہوا ہے کہ نوازشریف اورانکی صاحبزادی مریم کی کسی بھی وقت برطانیہ روانگی کے پیش نظر لاہور سے لندن اور مانچسٹر جانیوالی تمام پروازوں میں اعلیٰ حکومتی شخصیات کے کہنے پر 10 سیٹیں ایڈوانس میں بک کی جانے لگیں۔ بعدازیں یہ نشستیں کینسل کرنے کے باعث لاکھوں روپے کانقصان ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں 3 نجی ایئرلائنز نے بھی 4 روز تک ایڈوانس سیٹیں رکھی تاہم مسلسل نقصان پر ایسا کرنے سے معذرت کر لی۔
واضح رہے نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کا لندن جانے کا امکان ہے جہاں انکی والدہ کلثوم نواز کا علاج جاری ہے۔ قبل ازیں مریم نواز اپنی والدہ کے بلڈ کینسر سے متعلق خبروں کی بھی تردید کر چکی ہیں۔