عید کا تیسرا دن ، بچوں نے سیر سپاٹے کا پروگرام بنا لیا

Published On 04 Sep 2017 10:05 AM 

چڑیا گھر اور تفریحی مقامات کی سیر کو آنے والے بڑوں کے ساتھ موج مستی میں شریک ، رات کو باربی کیو کا پروگرام بھی بنا لیا

لاہور (دنیا نیوز ) عید ابھی باقی ہے ، بچوں نے سیرسپاٹے کا پروگرام بنالیا اور صبح ہی تفریحی مقامات کا رُخ کرلیا ۔ خواتین نے ناشتے کے فوری بعد آج کے پکوانوں کی تیاری بھی شروع کر دی ، بڑی عید کے بڑے مزے ، ابھی آج کا دن باقی ہے ، پہلے دو روز قربانی کی ، گوشت بانٹنے اور عزیز رشتہ داروں سے ملنے میں گزرا ۔

تیسرے دن کی پلاننگ بھی پہلے سے کرلی گئی ، بچوں کے ساتھ آج خوب ہلہ گلہ ہوگا ، کوئی ضد کرکے چڑیا گھر لے آیا ، پارکس اور تفریحی مقامات میں بھی صبح ہی رش لگ گیا جہاں بچوں کے ساتھ بڑے بھی موج مستی میں شریک ہیں ۔ کوئی جھولے لینے میں مصروف ہے ، کسی کو اپنی باری کا انتظار ہے ۔ بچہ پارٹی الگ سے ٹولیوں کی شکل میں اپنے عید میلے میں مصروف ہے ۔

گھروں میں خواتین نے تیسرے روز کے پکوانوں کی تیاریاں شروع کر دیں ۔ ہر کسی کی فرمائش پر ڈش بنے گی ، رات تکے کباب کھائے تھے ، اب مٹن بریانی اور کڑاہی کامزہ لیں گے ۔ رات کو باربی کیو کا پروگرام ہے جس کے لیے مردوں نے ذمہ داری سنبھال لی ۔ وہ دوستوں سے گپ شپ بھی لگائیں گے اور تیاری بھی کریں گے ۔