فیصل آباد :آلائشوں سے خوردنی تیل تیار کرنیوالا یونٹ پکڑا گیا

Published On 04 Sep 2017 03:17 PM 

مرضی پورہ میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ، 25 ہزار لیٹر تیل برآمد ، ملزم موقع سے فرار ، یونٹ کو سیل کر دیا گیا

فیصل آباد (دنیا نیوز ) فیصل آباد میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے خوردنی تیل تیار کرنے والا یونٹ پکڑا گیا ۔ فیکڑی سے 25 ہزار لیٹر تیل سمیت آلائشیں برآمد کر لی گئیں ۔

مرضی پورہ کے علاقے میں فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے خوردنی تیل تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا گیا ۔ چھاپے کے دوران یونٹ سے 25 ہزار لیٹر خوردنی تیل برآمد کیا گیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں آلائشیں بھی قبضے میں لے لی گئیں ۔

تیار کیے جانے والے خوردنی تیل کو مشہور برانڈ کے کوکنگ آئل اور گھی کے ڈبوں میں پیک کر کے دوسرے علاقوں میں بھیجا جا رہا تھا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب کی جانب سے تمام میٹریل کو قبضے میں لیکر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی مدد سے تلف کیے جانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق موقع سے ملزمان فرار ہو گئے جبکہ یونٹ کو سیل کر دیا گیا ۔