سراج الحق کا میانمار کے سفیر کو ملک بدر کرنے کیلئے کل تک الٹی میٹم

Published On 07 Sep 2017 05:33 PM 

جماعت اسلامی نے جمعہ کے روز برما کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کیخلاف اسلام آباد میں ریلی کا اعلان کر دیا، سراج الحق کہتے ہیں اگر پاکستان برما کے سفیر کو ملک بدر کر دے تو ریڈ زون تک نہیں جائیں گے۔

پشاور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے پشاور میں یوتھ فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کئے جا رہے ہیں، عالمی برادری کا ان مظالم پر خاموش رہنا اس سے بھی زیادہ ظلم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان حکومت فوری طور پر برما کے سفیر کو ملک سے نکالے، جماعت اسلامی کل اسلام آباد میں برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف ریلی نکالے گی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا میں اپنی جماعت کے وزراء کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وزراء اور وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کے حوالے سے عمران خان بہتر بتا سکتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنائیں گے، جو والد بچی کو نہیں پڑھائے گا اسے جیل جانا پڑے گا، خواہش ہے کہ لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کیلئے بھی یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے میدان ہوں۔