اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا معاملہ، شاہ محمود قریشی کی سراج الحق سے ملاقات

Published On 06 Oct 2017 04:50 PM 

شاہ محمود قریشی کی امیر جماعت اسلامی سے ملاقات، اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر تبادلہ خیال، سراج الحق کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کی جس میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی اور چیئرمین نیب کی تقرری کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ چیئرمین نیب کے تقرر کا اختیار وزیرِ اعظم یا اپوزیشن لیڈر کے پاس نہیں ہونا چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر پی ٹی آئی کو مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے حلف نامے میں تبدیلی کو سوچی سمجھی سازش کا حصہ قرار دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بل کو متنازع حکومت نے بنایا، شہباز شریف کے بیان کی تائید کرتے ہیں، ذمہ دار وزیر کو کابینہ سے نکالا جائے۔ دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وہ انتظار کرینگے کہ حکمران ٹولہ ختم نبوت حلف نامے سے متعلق کیا اقدام کرتا ہے۔