الزامات بے بنیاد ہیں، شفاف ٹرائل کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے: مریم نواز

Published On 19 Oct 2017 11:04 AM 

نامکمل اور متنازع رپورٹ پر فرد جرم عائد کی گئی، صاحبزادی نواز شریف کا عدالت میں بیان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت میں مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں، شفاف ٹرائل کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا نامکمل اور متنازع رپورٹ پر فرد جرم عائد کی گئی۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مریم نواز نے کہا خاندان کے بنیادی حقوق کا تماشا نہ بنائیں، کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنا دیں، ایک روز احتساب کا بھی احتساب ہوگا۔ انہوں نے کہا عدالتی احترام میں بیمار ماں کو چھوڑ کر آئی ہوں، روز روز پیشیوں سے قوم کا وقت ضائع نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا شریف فیملی میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن اختلافات نہیں ہیں۔

قبل ازیں احتساب عدالت میں سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمیں سیسلین مافیا کہا گیا، پہلی بار ایسا ہو رہا کہ سیسیلین مافیا عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نوازشریف کوسزا پہلے سنائی گئی ٹرائل بعد میں شروع ہوا۔ مریم نواز نے والدہ کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ لندن میں والدہ کی کیمو تھراپی ہو رہی ہے، صحت میں بہتری بھی آرہی ہے تاہم مکمل ریکوری میں 6 ماہ لگ جائیں گے۔ نوازشریف کی لندن سے وطن واپسی کے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم اسی ہفتے کے آخر یا پھر آئندہ ہفتے وطن واپس آجائیں گے۔