گوجرانوالہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں 17کروڑ روپے کے گھپلوں کا انکشاف

Published On 21 Oct 2017 03:36 PM 

تحقیقاتی رپورٹ سیکریٹری بلدیات کو ارسال، ذمہ دار افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کر دی گئی۔

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں چار سال تک بڑے پیمانے پر کرپشن کی جاتی رہی۔ وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے صوبے کے تین سینئر افسران پر مشتمل مقرر کردہ اعلی سطحی انکوائری ٹیم نے 17 کروڑ روپے کے گھپلوں کی تصدیق کر دی۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے صوبائی آڈٹ ٹیم کی طرف سے جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری بلدیات کو بھجوادی ہے تا کہ کیس نیب کو بھجوایا جاسکے، رپورٹ کی ایک کاپی ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی کرپشن کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل پر مشتمل دو رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے جس نے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کرپشن و بے ضابطگیوں میں ملوث سابق ایم ڈی سمیت تمام ذمہ دار افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی ہے۔

سالڈ اینڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں کرپشن کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گاڑیوں، مشینری اور دیگر اشیاء کی خریداری کی مد میں سابق ایم ڈی ڈاکٹر عطاالحق سمیت دیگر افسران نے کرپشن کی ہے۔ اس کے علاوہ انکوائری کمیٹی نے اپنی فائنڈنگ رپورٹ میں قرار دیا کہ پٹرول، گاڑیوں کی مرمت اور مشینری کے پرزہ جات کی تبدیلی کی مد میں کروڑوں روپے خرچ کئے گئے، جن کی رسیدیں ہی موجود نہیں ہیں۔ سابق ایم ڈی نے کرپشن کا معاملہ سامنے آنے پر پنجاب حکومت نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ ڈاکٹر عطا الحق کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔ کمپنی کا چار سالہ ریکارڈ انکوائری کمیٹی کے پاس محفوظ کرلیا گیا ہے۔

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرف سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ گوجرانوالہ میں چار سال تک ہونے والی کرپشن و بد انتظامیوں سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری بلدیات پنجاب کو ارسال کردی گئی ہے اور استدعا کی گئی ہے کہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے اس رپورٹ پر مشتمل ریفرنس تیار کر کے نیب کو بھجوایا جائے۔

میئر گوجرانوالہ و چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز شیخ ثروت اکرام نے صوبائی آڈٹ ٹیم کی طرف سے جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری بلدیات کو بھجوانے کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس سکینڈل میں چونکہ بڑے پیمانے پر کرپشن سامنے آئی ہے اس لئے نیب کی سطح پر تحقیقات ہونا ضروری ہے تاکہ سابق ایم ڈی سمیت تمام ملزمان کا تعین ہوسکے اور انہیں قانون کی گرفت میں لایا جاسکے۔

مزید تفصیلات کے لئے ویڈیو دیکھیں: